سینئر صحافی ارشد ملک بازیاب ،ٹائمز انسٹیٹیوٹ کے مالک وڈائریکٹرکیخلاف مقدمہ درج

ملک ارشد کی بازیابی: ملتان کی صحافتی برادری کی جدوجہد رنگ لے آئی

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) ملتان کی صحافتی برادری کی کوششیں رنگ لے آئیں، سینئر صحافی ارشد ملک 6 روز کی پرسرار گمشدگی کے بعد گزشتہ روز خانیوال کے علاقے کچا کھوہ سے بازیاب ہوگئے نامعلوم افراد انھیں نہر کنارے پھینک کر دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔
جہاں کچا کھوہ پولیس نے انھیں اپنی حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی کے بعد ملتان کی صحافتی برادری کے عہدیداروں کے حوالے کردیا ۔ملتان پریس کلب پہنچنے پرصحافتی برادری نے ملک ارشدکا والہانہ استقبال کیا ، بچوں سے ملتےہوئے حاضرین کی آنکھیں نمدیدہ ہوگئیں جبکہ پولیس تھانہ کینٹ نے ٹائمز انسٹیوٹ کے مالک سرفراز مظفر اور ڈائریکٹروردہ سرفراز کیخلاف ملک ارشد کے اغوا ء کا باضابطہ طور پر مقدمہ درج کرلیا ۔
تفصیل کے مطابق روزنامہ اوصاف کے ایڈیٹر رپورٹنگ و سینئر صحافی ارشد ملک کو گزشتہ روز نامعلوم افراد کچا کھوہ کے علاقے میں نہر کنارے پھینک کر فرار ہوگئے جس کے بعد مقامی پولیس نے انھیں اپنی حفاظتی تحویل میں لیتےہوئے ضروری قانونی کارروائی کے بعد روزنامہ اوصاف کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر مہر عزیز اور ملتان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری مظہر خان کے حوالے کردیا ہے ۔اس ضمن میں ملتان یونین آف جرنلٹس سمیت صحافتی نتظمیوں کی جانب سے 5 روزہ مسلسل احتجاج کے بعد ملک ارشد کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں پٹیشن دائر کی تھی جس میں سی پی او ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو فریق بنایا گیا تھا ۔
جس کی سماعت کرتے ہوئے مسٹر جسٹس وحید خان نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے صحافی ارشد ملک کی پر اسرار گمشدگی کی دو روز میں رپورٹ طلب کرلی ، پٹیشنر کی جانب سے ایڈوکیٹ مہر لیاقت علی ، فرخ تیمور چانڈیہ دیگر وکلاء سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد عدالت میں پیش ہوئی سی پی ملتان کو ملک ارشدکو دو روز میں بازیاب کرانے کا حکم صادر کیا گیا ۔بعدازاں چند نامعلوم افراد ملک ارشد کو تھانہ کچا کھوہ کی حدود میں نہر کنارے ویرانے میں پھینک کر دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔
جہاں مقامی افراد نے متعلقہ تھانے کو اطلاع کی تو تھانہ کچا کھوہ پولیس نے انھیں اپنی حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے ان کے ورثا ء اور ملتان کی صحافی برادری کو اطلاع کی ملتان سے روزنامہ اوصاف کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر مہرعزیز کی سربراہی میں صحافیوں کی خصوصی ٹیم تھانہ کچا کھوہ پہنچ گئی جہاں سے انھیں ملتان پریس کلب لایا گیا جہاں ملتان کے صحافی بھائیوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کئے ملک ارشد جب اپنے چھوٹے بیٹے سے ملے تو ان کی آنکھوں سے آنسوئوں کی جھڑی برس پڑی جسے دیکھ کر وہاں موجود صحافی بھی نمدیدہ ہوگئے ۔
اس موقع پر ملک ارشد نے ملتان کی صحافتی برادری اور صحافتی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صحافتی تنظیمو ں کے عہدیداران نے ملک ارشد کے اغوا میں ملوث ہر شخص کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعادہ کیا ۔تاہم دوسری جانب عدالت عالیہ کی ڈائریکشن کے بعد ملتان پولیس بھی حرکت میں آگئی ۔
سی پی او ملتان کی ہدایت پر تھانہ کینٹ پولیس نے چیف رپورٹر روزنامہ اوصاف عبدالوسیم کی مدعیت میں ملک ارشد کے اغواء کا مقدمہ نمبر 1089/25 زیر دفعہ 365 ت پ کے تحت درج کرلیا ہے جس میں نجی تعلیمی ادارے ٹائمز انسٹیوٹ کے مالک سرفراز مظفر اور ڈائریکٹر وردہ سرفراز کو نامزد کیا گیا ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں