افغان سرزمین پاکستان اور اس کے شہریوں کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان اور اس کے شہریوں پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جس پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بالخصوص کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر کو افغان سرزمین کا مسلسل استعمال ایک سنگین مسئلہ ہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے زور دیا کہ افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف قابلِ اعتماد، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے الزام تراشی، نفرت انگیز سیاست اور داخلی سیاسی فائدے کے لیے بیانیہ سازی سے گریز کرنا ہوگا۔ اس کے برعکس شفافیت، اعتماد سازی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا اکثر سیاسی مقاصد، پوشیدہ عزائم اور بدنیتی پر مبنی رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو نظر انداز کرنا حقائق سے چشم پوشی کے مترادف ہے۔
.
تبصرے
Please keep the discussion respectful.