آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبے، حکومت کی آئی ایم ایف کو 10 فیصد فنڈز مختص کرنے کی یقین دہانی
آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 فیصد تک فنڈز مختص کیے جائیں گے۔مالی وسائل کی محدود دستیابی کے باعث آئندہ مالی سال میں بھی ترقیاتی بجٹ کو محدود رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 3 ہزار ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے 300 سے زائد نئے منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی درخواست کی گئی ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 7 ہزار ارب روپے بتائی جاتی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق آئندہ مالی سال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے گی۔
رواں مالی سال کے لیے پی ایس ڈی پی کا حجم ایک ہزار ارب روپے رکھا گیا تھا، جبکہ مجموعی طور پر 1100 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کی لاگت 13 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.