حج فلائٹس کا سلسلہ جاری، ہزاروں پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
پاکستان سے حج پروازوں کے ذریعے عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔حکام کے مطابق اب تک 126 پروازوں کے ذریعے 32 ہزار 454 سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 489 پرائیویٹ عازمین بھی مقدس سرزمین پہنچ گئے ہیں۔
حج انتظامیہ کے مطابق 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ آج ملک کے مختلف شہروں سے 17 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 377 عازمین روانہ ہوں گے۔پاکستان حج مشن کے مین کنٹرول آفس کے تحت عازمین کو مختلف سہولیات کی فراہمی بھی جاری ہے۔
گمشدگی و بازیابی کے شعبے نے اب تک 6 عازمین، 37 ویل چیئرز اور 3 ہزار 700 سے زائد بیگز تلاش کر کے ان کے مالکان تک پہنچائے ہیں۔
اس کے علاوہ حرم گائیڈز کی جانب سے 13 ہزار سے زائد عازمین کو درست راستوں کی رہنمائی بھی فراہم کی جا چکی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.