اسلام آباد میں سیف سٹی کیمرے بھی محفوظ نہ رہے، نگرانی کا نظام نشانہ بن گیا
اسلام آباد میں جرائم کی نگرانی کے لیے نصب سیف سٹی کیمرے خود ہی چوری ہونے لگے ہیں۔ فیض آباد میٹرو اسٹیشن سے چہرہ شناخت کرنے والا ایک کیمرا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے تھانہ انڈسٹریل ایریا میں سیف سٹی کے کوآرڈینیٹر کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ کیمرا ٹیسٹنگ کے لیے نصب کیا گیا تھا جو 19 اپریل کو اچانک آف لائن ہو گیا۔ جب تکنیکی ٹیم موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ کیمرا اپنی جگہ سے ہٹا لیا گیا ہے۔مزید تفتیش کے دوران بیک اپ فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس میں ایک نامعلوم شخص کو کیمرے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے دیکھا گیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو میں مشتبہ شخص کی تصویر واضح طور پر موجود ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سے قبل تھانہ کھنہ کے علاقے سے بھی ایک کیمرا چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.