ستھرا پنجاب پروگرام پر سخت مؤقف، کوتاہی یا کرپشن ہرگز قبول نہیں: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب ایک اہم اور مؤثر منصوبہ ہے، جس میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ستھرا پنجاب سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی افسران ان کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ صفائی کی صورتحال سے ہی حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا چکے ہیں، تاہم اس میں بدانتظامی، کرپشن یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس منصوبے میں کبھی مداخلت نہیں کی اور نہ ہی چاہتی ہیں کہ اس پر کوئی سیاسی دباؤ ڈالا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی اظہارِ خیال کیا کہ دو سال گزرنے کے باوجود کارکردگی مکمل طور پر تسلی بخش نہیں، اس لیے افسران کو چاہیے کہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے خود فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور بغیر اطلاع دورے کریں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.