دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے: پاک فوج کا دوٹوک مؤقف
بھارت آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی تیاری کرلے، پاکستان پہلے بھی مکمل طور پر تیار تھا اور آج بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، اور کوئی طاقت پاکستان کی سلامتی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے مؤثر جواب سے بھارت کی حقیقت دنیا کے سامنے آچکی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت یہ بتائے کہ اس نے پاکستان میں کس مبینہ دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا؟ ان کے مطابق پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کا بھارتی بیانیہ ہمیشہ کیلئے ناکام ہوچکا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت خود خطے میں دہشتگردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا عنصر ہے، جبکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حقیقی داعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
ان کے مطابق بھارت نے اپنی کارروائیوں میں مساجد، شہری آبادی اور خواتین کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی سیاسی قیادت کے بیانات سیاست سے زیادہ جنگی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.