پنجاب حکومت کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں من مانے اضافے پر ایکشن، سخت نگرانی کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں غیر مجاز اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ موجودہ کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو خصوصی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کے بعد کرایے برقرار رکھنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے، جبکہ مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کے تحریری بیانِ حلفی بھی جمع کرا دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ اضافہ واپس لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
سیکرٹری آر ٹی اے لاہور رانا محسن نے بتایا کہ کرایوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور تمام بڑے بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.