بجلی صارفین سے تین برس میں 1906 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف
پیٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کے بلوں پر بھی صارفین سے گزشتہ تین سال کے دوران اربوں روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔دستاویزات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین سے تین برس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 906 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔
صرف گزشتہ مالی سال کے دوران ہی 700 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس بجلی بلوں کے ذریعے جمع کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ڈسکوز نے مالی سال 2022-23 میں صارفین سے 507 ارب روپے جبکہ 2023-24 میں 698 ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے۔اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے تین سال میں 232 ارب روپے جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 532 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا۔
اسی عرصے میں گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنی نے 240 ارب اور فیصل آباد الیکٹرک کمپنی نے 307 ارب روپے جمع کیے۔دستاویز کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 323 ارب روپے، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 151 ارب روپے جبکہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی نے 57 ارب 58 کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے۔
اسی طرح کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 24 ارب 28 کروڑ روپے، قبائلی علاقہ جات الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایک ارب 55 کروڑ روپے جبکہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی نے 34 ارب 46 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.