اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، مولانا فضل الرحمان
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست پر لازم ہے کہ وہ اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق فراہم کرے اور ملک میں امن و استحکام کیلئے مؤثر اور قابلِ اعتماد پالیسی اختیار کرے۔کراچی میں اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں،۔
اور اسلام انسانیت، رواداری اور امن کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہمیشہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے، اسی مقصد کیلئے پارٹی میں منیارٹی ونگ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کیلئے آواز بلند کرنا ہماری سیاسی اور دینی ذمہ داری ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھٹو دور حکومت میں جب تعلیمی اداروں کو سرکاری تحویل میں لیا جا رہا تھا، اُس وقت اُن کے والد بطور وزیراعلیٰ سرحد میں موجود تھے اور انہوں نے واضح مؤقف اختیار کیا تھا کہ اقلیتی تعلیمی ادارے اُن کی رضامندی کے بغیر سرکاری تحویل میں نہیں لیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُن کے اکابرین نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کی تعلیم دی، جبکہ امن کو انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد قرار دیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.