حج امتِ مسلمہ کے اتحاد، محبت اور اخوت کا عظیم پیغام ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے حج کے روح پرور اور بابرکت موقع پر عالمِ اسلام، خصوصاً حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حج کا مقدس دن اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور فضل و کرم کے حصول کا بہترین موقع ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حاجیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی عبادات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور سب کو اسلامی تعلیمات اور اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی توفیق عطا کرے۔انہوں نے کہا کہ حج کا عظیم الشان اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے۔
ان کے مطابق محبت، ایثار اور باہمی تعاون کا یہی جذبہ قومی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیاد ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان بابرکت لمحات میں پوری قوم پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا گو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہیں کہ دنیا میں عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملے تاکہ انسانیت کی فلاح اور اجتماعی بھلائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.