مظفرآباد کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام سوار اہلکار شہید
مظفرآباد کے نواحی علاقے میں پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی اہلکار اور عملے کے ارکان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران اچانک تکنیکی خرابی کا شکار ہوا اور زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں سوار تمام افراد جان کی بازی ہار گئے اور کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور حقائق جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری قائم کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی حتمی تکنیکی وجہ سامنے آئے گی۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مظفرآباد کے قریب پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.