مری ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، سیاحوں کی وین میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق
مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں سیاحوں سے بھری مسافر وین آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق وین تیز رفتاری کے باعث سڑک کے کنارے حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی،۔
جس کے بعد گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے دوران وین کا سلائیڈنگ دروازہ لاک ہو گیا، جس کے باعث مسافروں کو بروقت باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑی سے نکالا۔ زخمیوں اور میتوں کو فوری طور پر فاروق ہسپتال اور پمز منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا خاندان ملتان سے سیاحت کے لیے مری جا رہا تھا۔ وین میں بچوں کی تعداد زیادہ تھی اور تقریباً 10 بچے بھی سوار تھے۔ پولیس کے مطابق گاڑی ایسی سمت میں جا گری جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہیں تھا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، مری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.