آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف پر وفاق اور پیپلز پارٹی میں مالیاتی مفاہمت طے
حکومتی تکنیکی کمیٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل اہم مالیاتی سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دونوں فریقین کے درمیان مالی معاملات اور قومی محاصل کی تقسیم پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق طے پانے والے معاہدے کے تحت وفاق کو آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کی اضافی آمدنی حاصل ہوگی، جبکہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے موجودہ فارمولے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس کے مطابق وفاق رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف کی بنیاد پر ہی صوبوں کو ان کا حصہ فراہم کرے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران ٹیکس آمدنی میں اضافے کا بڑا حصہ وفاق کو منتقل کیا جائے گا، جبکہ صوبے مختلف گرانٹس کے بدلے اضافی مالی وسائل وفاق کو فراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف 13005 ارب روپے جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے یہ ہدف 15264 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، یعنی 2259 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے۔یہ مالیاتی مفاہمت آئندہ بجٹ کی تیاری میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.