پنجاب میں کاروباری اوقات کار میں ردوبدل، نیا نوٹیفکیشن نافذ
توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت مہم کے تحت پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف شعبوں کے کاروبار بند کرنے کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت کریانہ اور گروسری اسٹورز کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ یہ دکانیں اور شادی ہالز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔حکومتی ہدایات کے مطابق شاپنگ مالز، بازار اور دیگر مارکیٹیں رات 9 بجے بند ہوں گی، جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے، سینما گھروں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔
ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح پھل اور سبزی فروش بھی رات 11 بجے تک اپنی دکانیں کھلی رکھ سکیں گے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال، کلینکس، میڈیکل اسٹورز اور تشخیصی لیبارٹریاں ان اوقات کار کی پابندی سے آزاد ہوں گی۔
اس کے علاوہ پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ مراکز بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.