دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آ گیا، بھارت اور افغانستان ملوث ہیں: خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بنوں میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف آخری اور فیصلہ کن جنگ لڑے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت اور افغانستان کا کردار موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی محاذ پر ناکامیوں کے بعد بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ افغانستان کے بعض عناصر بھی اس عمل میں اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی ملکی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے وہاں امن خراب کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ عناصر بھارتی ایجنڈے کے تحت شہداء کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قوم ایسے عزائم کو ناکام بنائے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.