بلوچستان میں دو انٹیلی جنس آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد
بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 25 اور 26 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم "فتنہ الہندوستان" سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.