افغان سرحدی علاقوں میں مؤثر کارروائیاں، 25 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ
سیکیورٹی فورسز نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان کے سرحدی علاقوں پکتیکا، پکتیا اور کنڑ میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے جماعت الاحرار اور کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے تین بڑے مراکز تباہ کیے گئے، جبکہ وہاں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ان کے مطابق حالیہ آپریشنز خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم جماعت الاحرار کا اہم کمانڈر خان فروش عرف زبل اپنے چار ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ حالیہ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 29 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.