پی ٹی اے کی واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ہدایت، فعال سم سے اکاؤنٹ منسلک رکھنے پر زور
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ لازمی طور پر ایک فعال اور رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک رکھیں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر واٹس ایپ نمبر کسی غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک ہے تو ایسا اکاؤنٹ جلد ناقابلِ رسائی ہو سکتا ہے، جس سے صارفین کو اپنے پیغامات، رابطوں اور ڈیجیٹل شناخت تک رسائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ استعمال ہونے والا موبائل نمبر ہمیشہ فعال اور درست طور پر رجسٹرڈ ہو۔ صارفین فوری طور پر یہ تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک قابلِ استعمال سم سے منسلک ہے، جبکہ غیر فعال سم کی صورت میں اکاؤنٹ کو فوری طور پر نئی فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کر دیا جائے۔
پی ٹی اے نے مزید مشورہ دیا ہے کہ اگر سم کی تصدیق یا بحالی درکار ہو تو صارفین اپنے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق سمیت ضروری کارروائی مکمل کی جا سکتی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.