بھارت آبی دباؤ کی پالیسی پر گامزن ہے، پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، مصدق ملک
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان پر آبی دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان اپنے پانی اور آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان پہلے بھی قومی مفادات کے دفاع کی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکی ہیں اور ملک کے وسائل کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس سندھ طاس معاہدے کی صورت میں ایک مضبوط قانونی بنیاد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں بھی سرحد پار دریا بہتے ہیں اور پانی کے قدرتی بہاؤ کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق بھارت کے پاس پانی روکنے کی مستقل صلاحیت موجود نہیں، اور اگر کبھی پانی کے بہاؤ میں کمی بیشی ہوتی بھی ہے تو وہ عارضی نوعیت کی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہتے ہوئے پانی سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، جبکہ ڈیم بنیادی طور پر پانی کے بہاؤ کو منظم کرتے ہیں۔ پاکستان کو ایک طرف زرعی ضروریات کے لیے پانی کی کمی کا سامنا رہتا ہے اور دوسری جانب اضافی پانی سمندر میں چلا جاتا ہے، جس کے مؤثر انتظام کی ضرورت ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.