بھارت نے دریائے سندھ کا پانی روکا تو مؤثر جواب دیا جائے گا، عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی پر پاکستان کا قانونی اور تاریخی حق ہے، اگر بھارت نے دریائی پانی کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور مؤثر ردعمل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے پانی صرف ایک قدرتی وسیلہ نہیں بلکہ قومی بقا اور عوام کی زندگی کا بنیادی مسئلہ ہے۔اسلام آباد میں "سندھ طاس معاہدہ: امن اور علاقائی استحکام کا ایک اہم ذریعہ" کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس اہم فورم میں شریک ملکی و غیر ملکی مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی علامت ہے، جبکہ آج کی گفتگو صرف ایک معاہدے تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے مستقبل اور ان کے بنیادی حق سے متعلق ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وادیٔ سندھ کی تہذیب ہماری شناخت اور تاریخی ورثہ ہے، اور پاکستان اسی عظیم تہذیب کا امین ہے۔
ان کے مطابق دریائے سندھ صدیوں سے دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کو زندگی بخشتا آیا ہے، جبکہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافت بھی اسی دریا سے جڑی ہوئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.