آئندہ حج آپریشن مکمل ڈیجیٹل نظام کے تحت چلانے کی تیاری، وزیراعظم کی جامع منصوبہ بندی کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سال کے حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور سے اس حوالے سے ایک جامع، قابلِ عمل اور مؤثر منصوبہ طلب کر لیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں وزارتِ مذہبی امور نے حج ڈیجیٹلائزیشن پر عملی کام کا آغاز کر دیا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق آئندہ حج آپریشن کے بیشتر مراحل جدید آن لائن نظام کے ذریعے انجام دیے جائیں گے، جبکہ حج درخواستوں، تصدیقی عمل اور ادائیگی کے نظام کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عازمینِ حج کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
، جس کے ذریعے رجسٹریشن سے لے کر سفر کی تکمیل تک تمام مراحل ایک ہی نظام کے تحت انجام دیے جا سکیں گے۔ اس منصوبے میں نادرا، بینکاری نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیٹا کو باہم مربوط کرنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ تمام معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حج انتظامات میں شفافیت، رفتار اور سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اس مقصد کے لیے انسانی مداخلت کو کم کرتے ہوئے خودکار نظام کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے لیے بھی جدید ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرایا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.