ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار، سبی میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 68 ڈگری تک پہنچ گیا
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے، جہاں مختلف شہروں میں محسوس کیے جانے والے درجہ حرارت (فیل لائک ٹیمپریچر) میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی ملک کا گرم ترین شہر رہا، جہاں فیل لائک درجہ حرارت 68 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
سکھر میں یہ درجہ حرارت 55 ڈگری جبکہ سرگودھا میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 51 ڈگری، بہاولپور میں 49 ڈگری، حیدرآباد، فیصل آباد اور ملتان میں 48، 48 ڈگری جبکہ کراچی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر شہروں میں ڈی آئی خان کا فیل لائک درجہ حرارت 47 ڈگری، بھکر میں 46 ڈگری اور سیالکوٹ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پشاور میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے پیشِ نظر غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.