ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار، کئی شہروں میں ہیٹ انڈیکس خطرناک سطح پر پہنچ گیا
ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے، جبکہ بلند درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کے باعث متعدد شہروں میں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا، جس سے شہری شدید حبس اور غیرمعمولی گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، بہاولپور، ڈی آئی خان، دادو، سرگودھا، حیدرآباد، سکھر، شیخوپورہ، فیصل آباد، پشاور، سیالکوٹ، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم نمی کی بلند شرح کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 68.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔اسی طرح بہاولنگر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے باوجود ہیٹ انڈیکس 56.7 ڈگری، ڈی آئی خان میں 41 ڈگری کے ساتھ 55.8 ڈگری، جبکہ دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی 55.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا میں 40 ڈگری کے مقابلے میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 52.7 ڈگری، حیدرآباد میں 39 ڈگری کے ساتھ 51.6 ڈگری، سکھر میں 40 ڈگری کے ساتھ 51.3 ڈگری اور شیخوپورہ میں 37 ڈگری کے باوجود ہیٹ انڈیکس 50.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.