پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کا تاریخی کارنامہ، 6,040 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی سر کر لی

Super Admin


الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسر گنگ ایکسپیڈیشن کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ خواتین کوہ پیماؤں نے 6,040 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی سر کر کے پاکستان کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی۔
کامیاب مہم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین نے حصہ لیا۔ اس مہم کی قیادت بی بی افزون نے کی، جبکہ معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سادپارہ، صادق حسین سادپارہ اور الیاس ہُشے نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔
خسر گنگ چوٹی پر روپ فکسنگ کی ذمہ داری قائد شگری نے انجام دی۔الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے کامیاب خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین صلاحیت، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خسر گنگ چوٹی کی کامیاب مہم ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے بقول، الپائن کلب مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.