تیز بارشوں اور فلیش فلڈز سے مختلف علاقوں میں تباہی، 12 افراد جاں بحق، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں اور فلیش فلڈز نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جولائی کے دوران ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔
قدرتی آفت کے نتیجے میں مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ ایک مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔متاثرہ اضلاع میں پشاور، لنڈی کوتل، ضلع خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم شامل ہیں، جہاں بارشوں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے۔
ادھر لنڈی کوتل میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے پاک افغان شاہراہ پر سیلابی صورتحال کے باعث پھنس جانے والی 100 سے زائد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ حکام کے مطابق سیلابی ریلے میں تین گاڑیاں بہہ گئیں، جن میں سوار افراد میں سے 6 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.