یومیہ بنیاد پر پیٹرول قیمتوں کے تعین پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت ڈیلرز کو قائل نہ کر سکی

Super Admin


پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کی حکومتی تجویز پر اسلام آباد میں اہم مشاورت کے باوجود کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی کراچی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں سے مسلسل ملاقاتوں کے باوجود ڈیلرز نے حکومتی مؤقف سے اتفاق نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم نے بھی پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) کے وفد سے الگ الگ تفصیلی اجلاس کیے۔ وفد کی چیئرمین اوگرا سے ہونے والی ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہی، جس میں یومیہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے مجوزہ نظام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاسوں کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں نے روزانہ قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری معاملات متاثر ہو سکتے ہیں۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے بتایا کہ اوگرا نے اس معاملے پر مزید غور کے لیے سات دن کی مہلت طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں ایسوسی ایشن کا مرکزی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ہڑتال کی جائے یا اوگرا کو دی گئی مہلت کا انتظار کیا جائے۔طارق حسن کے مطابق ملاقاتوں میں ڈیلرز نے اپنے منافع کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی حکومت کے سامنے رکھا۔

 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.