پیٹرول پمپ مالکان کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان، آج رات 12 بجے سے سپلائی معطل
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری نہ ہونے پر ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے سے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بند کر دی جائے گی۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین انعام الحق چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار قابل قبول نہیں، اسی لیے مطالبات تسلیم ہونے تک ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی کال پر آج رات 12 بجے سے ہڑتال کا آغاز ہوگا۔ ان کے مطابق حکومت کا غیر لچکدار رویہ ناقابل قبول ہے، اگرچہ وہ عوام کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے، تاہم حکومتی عدم توجہی نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔
انعام الحق چوہدری نے مزید کہا کہ موجودہ منافع کا مارجن پیٹرول ڈیلرز کے لیے معاشی نقصان کا باعث بن رہا ہے، اس لیے ڈیلرز کے مارجن میں فوری اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.