بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 10 دہشت گرد ہلاک، 2 خودکش حملہ آور خواتین گرفتار
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے عناصر اور ان کے سہولت کار تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ مستونگ میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مستونگ آپریشن کے دوران دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو بھی حراست میں لیا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.