آزاد کشمیر کا مستقبل عوام کے ووٹ سے وابستہ ہے، دو تہائی اکثریت ملی تو آئینی ترمیم لائیں گے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا مستقبل آئندہ انتخابات سے جڑا ہوا ہے، اگر عوام دو تہائی اکثریت دیں تو آئینی ترمیم لائی جائے گی تاکہ عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میرپور آکر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے دوسرے گھر آئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور میرپور کے عوام کا تعلق تین نسلوں پر محیط ہے، جسے مزید مضبوط بناتے ہوئے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عام انتخاب نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے، کیونکہ اس کے نتائج خطے کے مستقبل پر اثر انداز ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کو مزید اختیارات دے کر وفاق کو مضبوط کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ حاکمیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مزید بااختیار بنانے کی جدوجہد بھی جاری رہے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.