پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی واپسی کا عمل جاری، 36 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ
پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی وطن واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 36 ہزار 545 غیر ملکی، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، اپنے ممالک واپس بھیجے جا چکے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت 504 غیر قانونی مقیم غیر ملکی ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جہاں سے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی ڈی پورٹ کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں 14 ہزار 614 مرد، 7 ہزار 234 خواتین اور 14 ہزار 697 بچے شامل ہیں۔
ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 11 ہزار 124 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، 11 ہزار 137 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 14 ہزار 284 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی بھی وطن واپس بھیجے گئے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کے مطابق صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے انخلا کے عمل کو مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی واپسی کے عمل پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.