پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گاڑیوں کی برآمد کا بڑا معاہدہ، 2029 تک 5 ہزار گاڑیاں بھیجنے کا ہدف
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آٹوموبائل شعبے میں ایک اہم برآمدی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان نے سال 2029 تک بنگلہ دیش کو 5 ہزار گاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق پہلی مرتبہ پاکستان میں تیار ہونے والی گاڑیاں اتنی بڑی تعداد میں بیرونِ ملک برآمد کی جائیں گی، جس سے ملکی صنعت کو نئی منڈیاں حاصل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط مینوفیکچرنگ مرکز بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہے، جبکہ چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
ہارون اختر کے مطابق ملک میں بیٹریوں کی تیاری کے لیے 150 سے زائد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں استعمال ہونے والے تقریباً 95 فیصد موبائل فون اب مقامی سطح پر تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ جلد ہی سولر پینلز کی مقامی پیداوار بھی شروع کی جائے گی، جس سے درآمدی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.