اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتی خدمات مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات درج کرنے کے نظام کو مزید فعال بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے اوورسیز پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے ڈیجیٹل نظام کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پاکستانی سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں اور اس حوالے سے مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور مختلف دستاویزات کی تصدیق جیسے قونصلر امور کو مزید آسان بنانے کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ وزارتِ خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں عوامی سہولت کے پیش نظر شام کی شفٹ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.