ڈیجیٹل معیشت کا فروغ: وفاقی حکومت کا نیشنل کنیکٹیویٹی پلان جلد مکمل کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تفریق کم کرنے کے لیے نیشنل کنیکٹیویٹی پلان کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کنیکٹیویٹی پلان کے تحت ملک بھر میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی دستیابی، فائیو جی سروسز اور فائبر ٹو دی ہوم نیٹ ورک کے دائرہ کار کو وسیع کرنا قومی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ منصوبے میں ٹیلی کام آپریٹرز کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرانے کی بھی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پلان کے ذریعے چھوٹے شہروں، دیہی علاقوں اور دور دراز خطوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ فری لانسرز، آئی ٹی ایکسپورٹرز اور دیگر ڈیجیٹل شعبوں سے وابستہ افراد کو کم نرخوں پر تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
نیشنل کنیکٹیویٹی پلان میں سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز میں فکسڈ براڈ بینڈ کی لازمی فراہمی، دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ٹیکس میں ریلیف اور فائبر نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع بھی شامل ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو نیشنل کنیکٹیویٹی پلان پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل بھی تیز کردیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.