سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، متوفی ریٹائرڈ ملازم کی پنشن کی حقدار بیوہ یا نامزد شخص ہوگا
سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی وفات کے بعد پنشن اور دیگر مراعات کی تقسیم سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متوفی ریٹائرڈ ملازم کی پنشن اور مراعات کی حقدار اس کی بیوہ یا قانون کے مطابق نامزد کردہ شخص ہوگا۔
سپریم کورٹ نے متوفی پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں کی جانب سے وراثتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے تحریر کیے گئے چار صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین، سروس رولز اور ادارہ جاتی ضوابط کے تحت ہی کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ پنشن کو عام وراثتی جائیداد کے طور پر شمار نہیں کیا جاسکتا۔سپریم کورٹ کے مطابق محض قانونی وارث ہونا کسی فرد کو متوفی سرکاری ملازم کی پنشن یا دیگر مراعات کا حقدار نہیں بناتا۔ پنشن اور متعلقہ فوائد کی ادائیگی کا فیصلہ نافذ قوانین اور نامزدگی کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.