پنجاب کی سرکاری و نجی جامعات میں 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر منایا جائے گا، وزیر تعلیم
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام سرکاری و نجی جامعات میں 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام جامعات کو خصوصی مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق 5 اگست کو صبح 9 بجے تمام جامعات میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، جبکہ یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے آگاہی سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جامعات میں تقاریر، مضمون نویسی اور مباحثوں سمیت مختلف پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو مسئلہ کشمیر اور اس سے متعلق صورتحال سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے ہدایت کی کہ یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات میں طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی عملے کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے اور تمام سرکاری و نجی جامعات یہ دن شایانِ شان طریقے سے منائیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.