بات کرنے سے نئے صوبے نہیں بن جاتے، محسن نقوی کی بات سمجھ سے بالاتر ہے: رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے محسن نقوی کے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بیان کو سمجھ سے بالاتر قرار دے دیا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے ایک عجیب بات کی ہے، انہوں نے ان کی تقریر سنی لیکن یہ سمجھ نہیں آیا کہ وہ اصل میں کہنا کیا چاہتے تھے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ محسن نقوی کوئی بڑی بات کہنا چاہتے تھے لیکن اسے محدود کرکے بیان کرنے کی کوشش میں اپنی بات واضح نہیں کر سکے۔ ان کے مطابق بیان سامنے آنے کے بعد محسن نقوی کی ایک بات دوسری بات سے مطابقت نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص کوئی بیان دیتا ہے تو وہ اس کی ذاتی رائے ہوتی ہے۔
لہٰذا محسن نقوی کو خود وضاحت کرنا ہوگی کہ ان کے بیان سے کیا مراد ہے اور وہ اس کی ذمہ داری بھی لیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا طریقہ کار آئین میں واضح طور پر موجود ہے۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، جبکہ چھوٹے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس سے متعلق حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.