ایف بی آر ریونیو ہدف پورا کرنے کیلئے انفورسمنٹ مزید مؤثر بنائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مقررہ ریونیو ہدف حاصل کرنے کے لیے انفورسمنٹ اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شہباز شریف نے ٹیکس اصلاحات پر کاروباری برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے مؤثر انفورسمنٹ یقینی بنائے۔وزیراعظم نے اسمگلنگ، ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے ساتھ ساتھ ہر ماہ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں تاکہ ٹیکس اصلاحات اور متعلقہ امور کی مؤثر نگرانی ہوسکے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.