سولر کا بڑھتا استعمال، بجلی کی طلب میں نمایاں کمی
ملک میں شمسی توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے قومی بجلی کے نظام کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں بجلی کی مجموعی طلب میں 8.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران مختلف ڈسکوز کی بجلی فروخت بھی 10 فیصد تک کم ہوگئی۔
دستاویز کے مطابق بجلی کی فروخت میں کمی کی بنیادی وجہ گھریلو اور کمرشل صارفین کی بڑی تعداد کا سولر انرجی کی جانب منتقل ہونا ہے۔ بجلی کی کھپت کم ہونے کے نتیجے میں صارفین پر کپیسٹی پیمنٹس کا مالی بوجھ بھی بڑھ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق آئیسکو نے گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں رواں سال اپریل کے دوران 10.77 فیصد کم بجلی فروخت کی۔
اسی طرح مئی میں بجلی کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 3.55 فیصد جبکہ جون میں 6.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اپریل سے جون کے دوران گھریلو صارفین کی بجلی خریداری میں بالترتیب 19.69 فیصد، 7.92 فیصد اور 5.72 فیصد کمی ہوئی۔
دوسری جانب کمرشل صارفین کی بجلی خریداری بھی اسی عرصے میں بالترتیب 6.85 فیصد، 3.80 فیصد اور 1.85 فیصد کم رہی۔ماہرین کے مطابق سولر توانائی کا بڑھتا رجحان مستقبل میں قومی گرڈ سے بجلی کی طلب اور ڈسکوز کی فروخت پر مزید اثر انداز ہوسکتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.