سجاول میں گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت، پاکستان کے آف شور شعبے میں اہم پیش رفت
پاکستان میں سمندر کے قریب ہائیڈرو کاربن کی ایک اہم اور اعلیٰ معیار کی گیس دریافت کرلی گئی ہے، جسے ملک کے آف شور توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ترجمان کے مطابق سجاول میں خشکی اور ساحلی علاقے پر مشتمل سرانی بلاک میں نئے ہائیڈرو کاربن ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
بلاک کے کنویں ڈولفن ایکس ون سے گیس کی پہلی اہم دریافت ہوئی، جو لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے۔کمپنی کے مطابق کنویں سے روزانہ تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔ ڈرلنگ کا عمل 17 اپریل کو شروع کیا گیا تھا اور کنویں کو تقریباً 3,850 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
سرانی بلاک میں پی پی ایل 75 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر جبکہ جی ایچ پی 25 فیصد حصص کے ساتھ شراکت دار ہے۔ پی پی ایل نے اس اہم پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔اعلامیے میں کمپنی نے ڈولفن ایکس ون منصوبے کی کامیاب تکمیل میں پاکستان نیوی کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.