آبنائے ہرمز پر کشیدگی، ٹرمپ کی عمان کو سخت دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمان آبنائے ہرمز کو کھولنے کی امریکی کوششوں میں رکاوٹ بنا تو اسے شدید بمباری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔امریکی میڈیا فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس اب بھی ہتھیاروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
ان کے بقول اب تک امریکا نے جتنے ہتھیار استعمال کیے ہیں، وہ مجموعی ذخائر کے مقابلے میں بہت کم ہیں، جبکہ درمیانے درجے کے ہتھیاروں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔امریکی صدر نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ سفید جھنڈا لہرا کر ہتھیار ڈالنے کا اعلان کرے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے انہیں کوئی جلدی نہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کی پاسداران انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطے کے لیے ایک بیک چینل قائم کر رکھا ہے۔دوسری جانب ایران نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر عمان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے ممکنہ معاہدے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری راستہ ہے، جس کے باعث اس حوالے سے جاری کشیدگی کو عالمی سطح پر بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.