پاکستان کا امیت شاہ کے الزامات پر سخت ردعمل، بھارت میں گرفتار افراد کا پاکستان سے تعلق مسترد
پاکستان نے بھارت میں گرفتار کیے گئے افراد کو پاکستان سے جوڑنے کے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا قرار دے دیا۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم کا ایک اور مظہر ہیں۔
بھارت اپنے داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت محدود سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ملک کے اندر اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے اور اختلافِ رائے کو خاموش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت خود بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد کرنے اور دہشت گرد عناصر کی معاونت میں ملوث رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ اس کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور بیرونِ ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹا سکتے۔
طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف ایسے بے بنیاد الزامات حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتے اور عالمی برادری بھارت کی بیرونِ ملک سرگرمیوں کا بھی نوٹس لے رہی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.