پمز سانحہ: تحقیقاتی کمیٹی آج وزیراعظم کو عبوری رپورٹ پیش کرے گی
اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کو 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود غم کی فضا برقرار ہے، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے سانحے سے متعلق عبوری رپورٹ آج وزیراعظم کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
کمیٹی نے تحقیقات کے دوران پمز اسپتال کے متعلقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ میڈیکل افسران کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے نرسری میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے ساتھ ساتھ واقعے کے دوران امدادی کارروائیوں اور عملے کے ردعمل کا جائزہ لینے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی۔
تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے گزشتہ روز فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے متعلقہ افسران اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں سے معلومات حاصل کی گئیں۔کمیٹی نے فائر بریگیڈ حکام اور ریسکیو کارروائی میں شریک عملے کے بیانات بھی قلمبند کرلیے ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.