پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا تشویشناک پھیلاؤ، مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ گئی
پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے ہوئے کیسز نے تشویش پیدا کردی، ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا داوڑ نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خلاف ملک گیر اسکریننگ مہم کا آغاز اسلام آباد سے کردیا گیا ہے۔
، جس کے دوران 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کی اسکریننگ کی جائے گی۔ڈاکٹر ضیا داوڑ کے مطابق قومی سطح پر تقریباً 16 کروڑ افراد کے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ کیے جائیں گے، جبکہ اسلام آباد میں تقریباً 17 لاکھ افراد کی اسکریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کے بھی ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جن میں اسکریننگ، تشخیص اور علاج شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے مرض کی تشخیص اور علاج کے تمام اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔ فی مریض اسکریننگ اور ٹیسٹنگ پر تقریباً ساڑھے 7 ہزار روپے جبکہ علاج کے لیے تقریباً 64 ہزار روپے فی مریض خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
ڈاکٹر ضیا داوڑ نے مزید کہا کہ ملک کے ایئرپورٹس پر آنے اور جانے والے مسافروں کی بھی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی۔ ان کے مطابق 18 سرکاری اسپتالوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ نہ کرانے والے وفاقی ملازمین کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی جائے گی، جس میں ان کی تنخواہیں روکنے کی تجویز شامل ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.