فیول سبسڈی اسکیم؛ رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر سبسڈی کے حصول کے لیے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس سروس کو مفت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم کی زیر صدارت پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں فیول سبسڈی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے شہریوں کو سبسڈی کے حصول کے لیے رجسٹریشن کے عمل میں آسانی فراہم کرنے پر زور دیا۔تفصیلات کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول پر مالی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اسلام آباد کے شہریوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا آغاز 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں پیٹرول ریلیف اسکیم 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے شروع کی جائے گی۔وزیراعظم نے چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور دیگر انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں اور رجسٹریشن سمیت اسکیم سے متعلق تمام ضروری مراحل میں شہریوں کو سہولت فراہم کریں۔
شہباز شریف نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ شہریوں کو فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن اور دیگر مراحل مکمل کرنے میں معاونت فراہم کر سکیں۔اجلاس میں وزیراعظم نے اسکیم سے متعلق بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام دستیاب پلیٹ فارمز پر عوام کو اسکیم کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے فوائد زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جائیں اور عوام کو رجسٹریشن و دیگر ضروری مراحل سے متعلق بروقت معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.