آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

اخراجات میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات، مارکیٹیں رات 9 بجے بند ہوں گی

Super Admin


وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے اور ایندھن کی بچت کے لیے مختلف کفایت شعاری اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کے ماہانہ فیول کوٹے میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، تاہم آپریشنل گاڑیوں، لازمی سروسز اور ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔فیصلے کے مطابق مالی سال 2026-27 کے نان ای آر ای بجٹ میں بھی 5 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ سرکاری گاڑیوں سمیت نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
آئی ٹی سے متعلق ضروری خریداری کے علاوہ دیگر پائیدار اشیا کی خریداری بھی پابندی کی زد میں آئے گی۔وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں تین ماہ تک غیر ملکی دوروں اور سفری سرگرمیوں کو محدود کردیا گیا ہے، تاہم مخصوص شعبوں اور ناگزیر نوعیت کے دوروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایسے ضروری دوروں کی صورت میں وزراء، مشیران اور سرکاری افسران کو اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری اجلاسوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی، حکومتی فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔ناگزیر سرکاری تقریبات کے لیے سرکاری آڈیٹوریمز اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش کی اجازت ہوگی۔حکومتی فیصلے کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک بند کرنا ہوں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس، بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، جم اور دیگر ضروری شعبے بھی مقررہ اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔حکومت کے مطابق کفایت شعاری اقدامات سے استثنیٰ کی درخواستوں کا فیصلہ کیس ٹو کیس بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ صوبائی اور علاقائی حکومتیں بھی اسی نوعیت کے اقدامات اپنانے پر غور کرسکتی ہیں۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.