افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر پاکستان کو تشویش ہے، طالبان مؤثر اقدامات کریں: اسحاق ڈار
نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔او آئی سی کے افغانستان رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کوہاٹ میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں 24 افراد جان سے گئے۔
جبکہ افغانستان میں مختلف دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پاکستان کے لیے باعثِ تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کسی بھی صورت میں پڑوسی ممالک کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور طالبان حکومت کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں منشیات، غیر قانونی اسلحے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبان پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں۔اسحاق ڈار نے افغان خواتین کی ملازمتوں اور بچیوں کی تعلیم پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.