افغانستان میں ڈرون لانچنگ مقامات پر پاکستانی فضائی کارروائی، عطا تارڑ کی تصدیق
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے 23 ستمبر کو افغانستان کے اندر 10 مقامات کو فضائی اور ڈرون کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق کارروائی میں ان مقامات کو ہدف بنایا گیا جہاں مبینہ طور پر ڈرونز لانچ اور ذخیرہ کیے جا رہے تھے۔
عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں 23 ستمبر کو افغان سرزمین سے ڈرونز کی مبینہ دراندازی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اسے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائی ناقابل قبول ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے افغان سرزمین سے آنے والے تمام درانداز ڈرونز کا بروقت سراغ لگایا اور انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملوں کی کوشش کو ناکام بنانے کے بعد پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کے تحت افغانستان میں 10 مقامات کو فضائی اور ڈرون کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔
ان کے بقول ان اہداف میں وہ مقامات شامل تھے جہاں سے ڈرونز کی لانچنگ اور انہیں ذخیرہ کرنے کا عمل جاری تھا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.