اے آئی کے ممکنہ تباہ کن اثرات، انتھروپک نے سرمایہ کاروں کو خبردار کردیا
مصنوعی ذہانت (اے آئی) تیار کرنے والی کمپنی انتھروپک نے خبردار کیا ہے کہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی مستقبل میں انسانیت کی بقا کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق کمپنی نے مجوزہ ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کے لیے تیار کی جانے والی دستاویز میں سرمایہ کاروں کو اے آئی سے وابستہ ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا ہے۔
یہ دستاویز تاحال عوامی سطح پر جاری نہیں کی گئی، تاہم خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس کے حوالے سے تفصیلات رپورٹ کی ہیں۔انتھروپک کی جانب سے ممکنہ طور پر 2 ٹریلین ڈالر مالیت کے آئی پی او کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ایسے وقت میں جب کمپنی اپنی تیار کردہ اے آئی ٹیکنالوجی سے تجارتی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، سرمایہ کاروں کو اسی ٹیکنالوجی کے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرنا ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جارہا ہے۔
261 صفحات پر مشتمل دستاویز میں کمپنی کے کاروبار سے متعلق تفصیلات 48 صفحات پر بیان کی گئی ہیں، جبکہ تقریباً 80 صفحات اے آئی ٹیکنالوجی سے متعلق ممکنہ خطرات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض اے آئی ماڈلز میں ایسے رویے دیکھنے میں آئے ہیں جنہیں حفاظتی ردِعمل سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ ان میں سسٹم کو بند کیے جانے کی مزاحمت، بعض معلومات چھپانا اور بلیک میلنگ جیسے رویوں کا مظاہرہ شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کے انتہائی جدید اے آئی ماڈلز، پلیٹ فارمز اور ایپلی کیشنز کے تجربات سے یہ خدشات سامنے آئے ہیں کہ مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔یہ پیش رفت اس بیان کے کچھ عرصے بعد سامنے آئی ہے جس میں انتھروپک نے اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔رائٹرز کے مطابق انتھروپک نے اس رپورٹ پر تاحال باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.