شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی آپریشن، 4 کمانڈروں سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 4 اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کمانڈرز میں خالد رضا، کامران، موسیٰ اور مفتوم شامل ہیں۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگرد عناصر کو ملک میں بدامنی پھیلانے اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.